ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو: 12 سالہ لڑکے کے پھیپھڑے کے اندر ملا 'پُش پِن'۔ بچوں کے والدین رہیں ہوشیار!

منگلورو: 12 سالہ لڑکے کے پھیپھڑے کے اندر ملا 'پُش پِن'۔ بچوں کے والدین رہیں ہوشیار!

Fri, 19 Mar 2021 19:33:15    S.O. News Service

منگلورو 19/ مارچ (ایس او نیوز) شہر کے مضافاتی علاقہ  بجال کے رہنے والے عبدالقادر کے 12سالہ فرزند مبشر کو بخار اور شدید کھانسی کی وجہ سے جب علاج کے لئے مینگلور کنکن ناڈی ہاسپٹل میں لایا گیا اور اس کے سینے کا ایکسرے نکالا گیا تو ڈاکٹر اور اس کے لڑکے کے پھیپھڑے کے اندر نوٹس بورڈ پر کاغذ چپکانے کے لئے استعمال کیا جانے والا ' پُش پِن'   دیکھ کر  ڈاکٹر سمیت والدین  بھی  حیران رہ گئے۔

اطلاع  کے مطابق مبشر کو پچھلے کچھ دنوں سے بخار اور کھانسی کی شکایت تھی۔ مقامی ڈاکٹر سے علاج کروانے پر بخار کچھ کم ہوا تھا مگر کھانسی رُکنے کا نام نہیں لے رہی تھی۔ والدین نے  کنکن ناڈی ہاسپٹل میں بچوں کے ماہر ڈاکٹر رام گوپال شاستری سے لڑکے کا معائنہ کروایا اور انہوں نے اس کا ایکسرے کروایا تو یہ حیرتناک صورت حال سامنے آئی۔ والدین کے علاوہ لڑکا بھی اس بات سے بے خبر ہے کہ یہ پِن اس کے پھیپھڑے میں آخر کیسے داخل ہوگیا۔

    پھر اس لڑکے کے دائیں پھیپھڑے میں موجود پِن کو سرجری کے ذریعے نکالنے کے لئے اسے دیرلکٹے میں واقع کے ایس ہیگڈے ہاسپٹل میں داخل کیا گیا۔ وہاں ماہر ڈاکٹروں نے تفصیلی معائنہ کیا اور ایک پائپ نما آلہ پھیپھڑے میں داخل کرکے پِن باہر نکالنے میں کامیاب ہوگئے۔

    یہ واقعہ چھوٹے بچوں کے والدین کے لئے ایک وارننگ اورچوکس رہنے کی  یاد دہانی  ہے۔ کیونکہ اکثر چھوٹے بچوں کی عادت ہوتی ہے کہ  وہ سکّے، کھیلنے کی گولیاں اور دوسری چھوٹی چھوٹی چیزیں منھ میں ڈال لیتے ہیں اور کبھی کبھار یہ حادثاتی طور پر پھسل کر گلے کے  اندر پھنس جاتی ہے جس سے کئی دفعہ بچوں کی جان چلی جانے کے واقعات بھی  پیش آئے ہیں۔ حالانکہ مبشر ایک بڑا لڑکا ہے  مگر  اُسے اس بات کا علم ہی نہیں ہے کہ یہ پُش پِن اس کے پھیپھڑے میں کیسے چلا گیا، لیکن یاد رکھنا چاہیے کہ ایسا ہونا ممکن بھی ہے۔ اس لئے چھوٹے بچوں پر اس زاویے سے  نگرانی رکھنا اور محتاط رہنا والدین کے ساتھ  ساتھ اسکول کے اساتذہ کے لئے بھی بہت ضروری ہے۔


Share: